محکمہ موسمیات کی کراچی میں آئندہ 3 دن ہلکی بارش کی پیش گوئی

کراچی:محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آئندہ 3 دن کے دوران ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے، مطلع ابر آلود ہونے کے باعث آئندہ 3 روز کے دوران مختلف مقامات پر ہلکی بوندا باندی اور بارش کا امکان ہے۔ جبکہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک رہنے کی توقع ہے۔
ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات عبدالرشید کے مطابق بارش کا ایک سسٹم اس وقت بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شمال مشرق میں موجود ہے جو آج سندھ میں داخل ہوسکتا ہے، جس کے باعث ٹھٹھہ، بدین، مٹھی اور تھرپارکر میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
عبدالرشید کا کہنا ہے کہ مون سون سسٹم کے تحت کراچی میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوسکتی ہے تاہم تیز بارشوں کا امکان موجود نہیں ہے، بارش کا سسٹم کراچی کے نیچے سے گزرے گا اور بعد ازاں بارش کا سسٹم سمندر میں چلا جائے گا۔