سرینگر:جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے کہا کہ جموں کشمیر کو دوسرا فلسطین نہیں بننے دیں گے جہاں اسرائیلی قابضوں نے اصلی باشندوں کو نکال کر باہر کر کے غلام بنا دیا تھا ۔سرینگر میڈیا کے مطابق ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یاسین ملک کا کہناتھا کہ ہمارے اسیروں کو ظالموں کے برعکس سیاسی موقف رکھنے کی پاداش میں بھارتی جیلوں اور جموں کشمیر کی جیلوں میں بدترین اذیتیں دی جا رہی ہیں جو دراصل جمہوریت کشی کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سٹیٹ سبجیکٹ قانون ہماری امتیازی شناخت اور حق خودارادیت کی ضمانت فراہم کرتا ہے اس لئے اس قانون کا تحفظ کرنا جموں کشمیر کے ہر باسی کا فریضہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی سرزمین کی خصوصیت اور امتیازی حیثیت کے دفاع کے لئے اپنا لہو بہانے سے بھی گریز نہیں کریں گے ۔