پی پی متحدہ اور تحریک انصاف کو حکومت میں شامل کر لے:حافظ نعیم الرحمن

 

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم پاکستان کو سندھ حکومت میں شامل کرلیا جائےتاکہ کراچی کے مسائل حل ہوسکیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عمران خان کے ملک و قوم کے حق میں ہونے والے ہر اقدام میں تعاون کرے گی تاہم الیکشن دھاندلی پر تحفظات ضرور ہیں،عمران خان نے جو وعدے کیے انہیں پورا کریں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف جماعتیں مختصر وقت کی سیاست کرتی ہیں جو الیکشن کے بعد غروب ہوجاتی ہیں،عید کے دونوں روز قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کی بدولت کراچی کے شہریوں نے مکمل آزادی کے ساتھ قربانی کی ہے ، کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے پر سیکورٹی ادارے تعریف کے لائق ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے ذیلی ادارے ’’ الخدمت ‘‘ کو اس سال کراچی میں ماضی کی نسبت زیادہ چرم قربانی حاصل ہوئیں جبکہ جماعت اسلامی کے تحت 300 سے زائد مقامات پر اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزار سے زائد جانور قربان کیے گئے۔