اسلام آباد: چیف جسٹس ثاقب نثار سے ایم ڈی اور چیئرمین اوجی ڈی سی ایل نے ملاقات کی، ملاقات میں چیئرمین اوجی ڈی سی ایل نے چیف جسٹس ڈیمز فنڈ میں 3 کروڑ 60 لاکھ روپے کا عطیہ جمع کروادیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس ڈیمز فنڈ میں مخیرلوگوں کی جانب سے بڑھ چڑھ کرپیسے جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈیمز فنڈ میں صرف مخیرلوگ ہی نہیں بلکہ عام شہری بھی اپنی حیثیت کے مطابق ڈیمز فنڈ میں پیسے جمع کروا رہے ہیں۔
چیف جسٹس ثاقب نثار سے ایم ڈی اور چیئرمین آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی نے ملاقات کی، ملاقات میں چیئرمین اوجی ڈی سی ایل نے چیف جسٹس سپریم کورٹ کیجانب سے پانی کی قلت پرقابوپانے کیلئے ڈیموں کی تعمیر پرانہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی ڈیموں کی تعمیر کیلئے کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین اوجی ڈی سی ایل نے چیف جسٹس ڈیمز فنڈ میں 3 کروڑ 60 لاکھ روپے کا عطیہ بھی جمع کروایا۔
واضح رہے چیف جسٹس ڈیمز فنڈ میں اب تک 3 ارب 58 کروڑ سات لاکھ سے زائد پیسے جمع ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ہدایات پر پاکستان ریلوے نے ڈیم فنڈ عطیہ میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے اکانومی اور بزنس کلاس کی ٹکٹوں پر ایک روپیہ، دوروپے اور دس روپے اضافی عائدکرنے کا فوری فیصلہ کیا ہے۔ ڈیم فنڈ میں عطیہ دینے کے حوالے سے اکانومی کلاس میں 100 روپے تک کا ٹکٹ خریدنے پر ہر مسافر کو ایک روپیہ اضافی اور100 روپے سے اوپر کے ٹکٹ پر دو روپے اداکرنا ہوں گے۔