کابل : افغانستان کے صوبے فریاب میں بارودی سرنگ پھٹ گئی جس کے نتیجے میں 8 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ 4 شدید زخمی ہوئے جنہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے صوبے فریاب کے علاقے کوہ سید میں پولیس سٹیشن کے نزدیک بارودی سرنگ پھٹنے سے 8 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ چار کوزخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، افغان سی آئی ڈی ڈائریکٹر غلام علی نے میڈیا کو بتایا کہ اس علاقے میں طالبان نے بارودی سرنگیں بچھائی تھیں۔ جہاں ایک درجن سے زائد بچے خطرے سے بے خبر کھیل رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہو گیا۔افغان محکمہ صحت کے ترجمان نے کہا کہ دھماکے سے بری طرح زخمی بچوں میں سے2بچوں کی ٹانگیں کاٹنا پڑی ہیں جس کی وجہ سے بچوں کی حالت نازک ہے۔ ٹانگوں سے محروم دونوں بچوں کو جوزجان ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔