نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی شیرخوار بیٹی کے ہمراہ اقوام متحدہ اجلاس میں شرکت

 

نیویارک: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنی 3 ماہ کی بیٹی کے ہمراہ شرکت کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جہاں تمام ممالک کی اعلیٰ شخصیات اہم موضوع پر تقاریر کر رہے تھے وہیں پہلی مرتبہ اسمبلی ہال ایک 3 ماہ کے بچے کی کلکاریوں سے بھی گونجتا رہا۔ یہ مسحور کن آوازیں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی 3 ماہ کی بیٹی کی تھیں۔ وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کی 3 ماہ کی بیٹی اجلاس کی کارروائی کے دوران زیادہ تر ماں کی گود میں کھیلتی رہی تو کبھی اپنی معصوم حرکتوں سے شرکاکو متوجہ کرتی رہی اور کبھی اجلاس میں ہونے والی تقاریر کو بغور سنتی رہی ۔

اجلاس کے دوران نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جہاں ملکی ذمہ داریوں کو نہایت احسن طریقے سے نبھا رہی تھیں وہیں ایک ماں کے فرائض سے بھی غافل نہیں رہیں۔اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے 3 ماہ کی بچی کو کارڈ بھی جاری کیا گیاتھا ،جس میں پیدائش کے بعد لی گئی پہلی تصویر چسپاں کی گئی تھی۔ گلے میں یو این کارڈ ڈالے بچی کو کبھی ماں سنبھالتی تو ماں کی تقریر کے دوران بچی باپ کی گود میں کھیلتی رہی۔ وہ بھی اس اجلاس میں مہمان خاندان کے رکن کے طور پر شریک تھے۔