کراچی میں چوکی کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ جس کے نتیجے میں ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا ۔
بدھ کی صبح احسن آباد میں ٹریفک پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود تھا جب نامعلوم مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کردی۔ واقعے میں پولیس اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
ایس ایس پی ملیر شیرازنذیر نے بتایاکہ سب انسپکٹر رفیق ڈیوٹی پر2ملزمان نے فائرنگ کی اور فرار ہوئے۔ واقعے کےبعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔
ایس ایس پی ملیر کامزید کہنا ہے کہ فائرنگ کے وقت سب انسپکٹر کے ہمراہ ایک اے ایس آئی بھی موجود تھا جب کہ جائے وقوع سے پولیس نے 16 سے 17 خول بھی تحویل میں لیے ہیں، مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ کلیم امام نے ڈی آئی جی ایسٹ اور ڈی آئی جی ٹریفک سے واقعے کی فوری تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔