وزیر خارجہ شاہ محمود کی دوحا میں قطری ہم منصب سے ملاقات

دوحا: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطری ہم منصب اور نائب وزیراعظم شیخ محمد سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ سرکاری دورے پر دوحا ایئرپورٹ پہنچے تو قطری حکام نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر پاکستانی سفیر ابراہیم یوسف فخر اور سفارتخانے کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
اس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے قطری ہم منصب سے ملاقات کی،جس کے دوران باہمی روابط میں فروغ سمیت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران قطری وزیر خارجہ نے قطر میں موجود پاکستانی محنت کش طبقے کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جلد مزید پاکستانیوں کو قطر میں ملازمت مواقع مہیا کریں گے۔
قطری وزیر خارجہ شیخ محمد نے افغانستان سمیت علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان 2022 میں متوقع فیفا ورلڈ کپ میں قطر کے ساتھ ہر سطح پر معاونت فراہم کرےگا، پاکستان قطر دوطرفہ تجارت میں پچھلے ایک سال میں فقیدالمثال اضافہ ہوا ہے۔
اس سے قبل وزیر خارجہ قطر روانہ ہونے کے لیے بغیر پروٹوکول کے ائیرپورٹ پہنچے، شاہ محمود قریشی ائیرپورٹ پرعام شہریوں کے ساتھ قطار میں کھڑے رہے۔
شاہ محمود قریشی بورڈنگ پاس لینے کے لیےعام مسافروں کی طرح مراحل سے گزرے، مسافروں نے وزیرخارجہ کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور سیلفیاں بھی بنوائیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چار ملکی دورہ کیا تھا، دورے کے چوتھے اور آخری مرحلے میں انہوں نے روس کا دورہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے حالیہ 4 ملکی دورے کو شٹل ڈپلومیسی کا نام دیا تھا۔شٹل ڈپلومیسی ایک ثالث کی جانب سے دو یا زائد فریقین کے درمیان شروع کیے گئے مذاکرات ہوتے ہیں جو براہ راست بات چیت کے لیے ناگزیر ہیں۔