نارووال: مسلم لیگ ن کے رہنما اورسابق وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان ہٹلر کی طرح کی حکومت کرنا چاہتے ہیں۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کومزید موقع دینا ملک کے لئے نقصان کا باعث ہوسکتا ہے،ان کی بھڑکوں نے ملک میں بے یقینی پیدا کر دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکی ہے،عمران خان ہمیشہ پُرتشدد اورگالی کی بات کرتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ اُن کے اقتدار کے آگے کوئی آواز نہ اٹھا سکے۔
انہوں نے کہا کہ،ملک کی معیشت فٹ بال کی طرح لڑھک رہی ہے جب کہ حکمران صرف اقدار کے مزے اور سیلفیاں لے رہے ہیں۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ عمران خان دنیا بھر میں جا کر ملک کو کرپٹ ثابت کر رہے ہیں، ہمیں عمران خان کے ہوتے ہوئے کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے، حکومت سے کسی خیر کی توقع رکھنا خود کو دھوکا دینا ہے۔
یب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کا یک طرفہ احتساب کا عمل سیاسی ایجنڈے پر چل رہا ہے۔
انہوں نے شہباز شریف کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہنواز شریف اور شہباز شریف پر کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت 135دن میں مہنگائی کو بلند ترین سطح پر لے جا چکی ہے، ناتجربہ کارحکومت کی وجہ سے ملکی معیشت کا گراف گر رہا ہے۔