نئی دہلی:بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے ملک میں انتخابات سے محض چند ماہ قبل بھارت کی اونچی ذات کے غریب افراد کے لیے سرکاری نوکریوں میں کوٹہ مختص کرنے کا اعلان کر دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق بھارت میں نچلی ذات کے افراد کے لیے مفلسی اورغربت سے نمٹنے کے لیے نوکریوں کا ‘کوٹہ مختص’ ہے اور اس کے علاوہ سول سروس اور کالجوں میں بھی کوٹہ مختص ہے لیکن دیگر برادریاں اس کو غیرمنصفانہ قرار دیتی ہیں اور ان کو اس حوالے سے تحفظات ہیں۔
بھارتی نیوزایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی کے منصوبے سے سالانہ 11 ہزار ڈالر سے کم آمدنی والے گھریلو افراد کو مدد ملے گی۔
کوٹے میں تبدیلی کے لیے آئین میں ترمیم کی ضرورت ہوگی جہاں نوکریوں اور کالجوں کا 50 فیصد کوٹہ مختص ہے۔
نریندر مودی کی کابینہ اس منصوبے کی منظوری دے دی ہے تاہم اب پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے بھی اس کی منظوری درکار ہوگی۔
یاد رہے کہ 2014 کے انتخابات میں مودی کی جماعت بھارتیہ جنتہ پارٹی (بی جے پی) ملک گیر کامیابی حاصل کی تھی لیکن گزشتہ برس تین ریاستوں میں منعقدہ انتخابات میں ان کی پارٹی کو شدید دھچکا لگا تھا۔