جب کرائسٹ چرچ کی مسجد پر حملہ ہوا تو بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی النور مسجد کے قریب تھے۔ میڈیا کو بنگلہ دیشی ٹیم کے کھلاڑی محمد اسام نے بتایا کہ فائرنگ کے وقت وہ کھلاڑیوں کے ہمراہ تھے۔
اسام کہتے ہیں میں نے انھیں پارکنگ سے باہر نکلتے دیکھا، پانچ منٹ کے اندر ایک کھلاڑی (اقبال) نے مجھے مدد کے لیے بلایا۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں بچاؤ، ہم بہت مصیبت میں ہیں، کوئی فائرنگ کر رہا ہے۔‘
’پہلے میں نے انھیں سنجیدگی سے نہیں لیا، لیکن پھر ان کی آواز کپکپا رہی تھی تو میں بس دوڑ پڑا۔ میں جائے وقوع تک دوڑ کر جانے کی کوشش کر رہا تھا لیکن پھر مجھے کسی سے لفٹ مِل گئی اور میں اس جگہ تک پہنچ گیا۔‘
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ترجمان جلال یونس کا کہنا ہے کہ ٹیم کے زیادہ تر کھلاڑی بس کے ذریعے سے مسجد گئے تھے اور اس وقت مسجد کے اندر جانے والے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔
انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ وہ محفوظ ہیں، لیکن وہ صدمے میں ہیں۔ ہم نے ٹیم سے کہا ہے کہ وہ ہوٹل میں ہی رہیں۔‘
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے آفیشیل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق حملے کے پیشِ نظر بنگلہ دیش کی ٹیم کا دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان ہیگلی اوول میں کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ بھی اب نہیں ہوگا۔