پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن کے درمیان ملاقات کا وقت طے پا گیا۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری کی ملاقات آج رات 9 بجے زرداری ہاوٴس اسلام آباد میں ہوگی اور دونوں رہنماؤں کے درمیان حکومت مخالف تحریک چلانے سے متعلق مشاورت ہوگی۔
مولانا فضل الرحمن نوازشریف سے اپنی ملاقات کی تفصیلات سے آصف زرداری کو آگاہ کریں گے جبکہ فوجی عدالتوں کے قیام اور نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد سے متعلق امور بھی غور ہوگا۔
جے یو آئی کے سربراہ طویل عرصے سے آصف زرداری اور نواز شریف میں اتفاق رائے پیدا کرکے حکومت کے خلاف اپوزیشن اتحاد بنانے کی کوشش کررہے ہیں جس کا مظاہرہ صدارتی الیکشن میں بھی ہوا تھا لیکن ان کی کوششیں ناکام ثابت ہوئی تھیں۔
اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کے خلاف نیب مقدمات اور بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کے بعد مولانا فضل الرحمن نے نئے سرے سے کوششیں شروع کردی ہیں۔