سابق وزیراعظم نواز شریف کی کوٹ لکھپت جیل منتقلی کے موقع پر ریلی میں شرکت کرنیوالے 1500مسلم لیگ ن کے کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیاہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق مقدمہ تھانہ کوٹ لکھپت میں سب انسپکٹر امجد قمر کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں ساؤنڈ سسٹم ایکٹ اور ریلوے ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعات شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق ن لیگی کارکنان نے شنگھائی پل کے قریب روڈ کو بلاک کیے رکھا اور گاڑیوں پر ساؤنڈ سسٹم لگا رکھے تھے۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ن لیگی کارکنان اسپیکر کے ذریعے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے جبکہ کوٹ لکھپت ریلوے ٹریک پر ٹرین کو بھی روکا۔
دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ ن نے مقدمے کے اندراج پر شدید مذمت کرتے ہوئے اسے افسوس ناک قرار دیا۔
مریم اورنگز یب نے کہا ہے کہ عمران صاحب یہ مقدمات ہمارا راستہ نہیں روک سکتے اورنہ ہی عوام کا راستہ روک سکتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے کارکنوں پرایف آرئی ار کے اندراج پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آپ تو گالیاں دیتے رہے لیکن آپ کیخلا ف کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا، ہماری آوازاب آپ کا عوام پر ظلم کاہر راستہ روکے گی ۔
ان کا کہناتھا کہ نہ پارلیمنٹ پر حملہ ہوا اورنہ سرکاری املاک پر حملہ ہوا ، نہ پولیس والوں کے سر پھٹے تو پھر پرامن کارکنوں پریہ مقدمہ درج کیوں ہواہے؟۔
انہوں نے کہا کہ کارکن اپنے قائد کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے گئے اور آپ نے خوفزدہ ہوکر مقدمہ درج کروادیاہے ۔