بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ 26 فروری کو بالاکوٹ حملے کے دوران بادلوں کی وجہ سے انڈین ایئر فورس کے جہاز پاکستانی راڈار سے بچ گئے۔
ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران نریندر مودی نے بالاکوٹ حملے سے متعلق مضحکہ خیز دعویٰ کیا۔ بھارتی وزیر اعظم نے بتایا کہ بالا کوٹ حملے سے پہلے تیاریوں کا رات کو ساڑھے 9 بجے جائزہ لیا اور پھر رات کو 12 بجے دوبارہ جائزہ لیا گیا ۔ ’ایک پل ہمارے ذہن میں آیا کہ بادل ہیں اور پتہ نہیں جاپائیں گے یا نہیں
انہوں نے کہا کہ ماہرین کی ایک تجویز یہ بھی آئی کہ اگر تاریخ بدل دی جائے تو کیا ہوگا، میں حیران ہوں کہ ملک میں اتنے سائنسدان ہیں جو مجھے گالیاں دیتے رہتے ہیں لیکن ان کا دماغ یہاں نہیں چلتا‘۔
نریندر مودی نے کہا کہ سائنسدانوں کی تجویز کے بعد ان کے ذہن میں دو خیال آئے، ایک تو اس آپریشن کو خفیہ رکھا جائے کیونکہ اگر تھوڑی سی بھی بات لیک ہوگئی تو ہم کچھ نہیں کرسکیں گے
ان کا کہناتھاکہ میں ایسا شخص نہیں ہوں جو یہ سائنس سمجھ سکے،اگر بادل ہیں اور بارش ہورہی ہے تو ہمیں یہ فائدہ ہوسکتا ہے کہ ہم راڈار سے بچ سکتے ہیں، بادل ہمیں فائدہ دے سکتے ہیں ، یہ بات آنے کے بعد میں نے آپریشن کی منظوری دے دی۔
نریندر مودی کی جانب سے یہ مضحکہ خیز دعویٰ سامنے آنے کے بعد انہیں بھارت میں کڑی تنقید کا سامنا ہے۔ اپوزیشن رہنماﺅں کی جانب سے انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیا جارہا ہے۔
فضائیہ سے تعلق رکھنے والے سابق افسران کا کہنا ہے کہ موسم جیسا بھی ہو راڈار ہر موسم میں کام کرتے رہتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد بی جے پی کے آفیشل ٹوئٹراکاﺅنٹ سے نریندر مودی کے اس دعویٰ والی ویڈیو ہٹادی گئی ہے۔