چین کے نائب صدر وانگ کشان اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار نے پاکستان پہنچنے پر چین کے نائب صدر کا وانگ کشان کا استقبال کیا۔
چین کے نائب صدر وانگ کشان دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔
چین کے نائب صدر کے اعزاز میں ایوان صدر میں ایک خصوصی تقریب ہوگی جس میں صدر مملکت عارف علوی مہمان کو نشان پاکستان کا ایوارڈ دیں گے۔
وانگ کشان اسلام آباد میں سلک روڈ سیمینار میں شرکت بھی کریں گے اور گندھارا کا دورہ بھی کریں گے جہاں انہیں گندھارا تہذیب کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چینی نائب صدر چائنا کمیونسٹ پارٹی کے خارجہ امور کے کلیدی رکن ہیں، اُن کے دورے کا مقصد پاک چین اعلیٰ سطح تبادلوں کا سلسلہ جاری رکھنا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ وانگ کشان کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں اورمفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ نومبر 2018 اور حالیہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں وزیراعظم کی شرکت سے اعلیٰ سطح تبادلوں میں تیزی آئی ہے۔