جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کا میچ بارش کے باعث منسوخ

کرکٹ ورلڈ کپ کا جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 15 واں میچ مسلسل بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیدیا گیا۔

آئی سی سی ورلڈکپ کے 15ویں میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے اننگز کا آغازکیا،ہاشم آملہ صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے دونوں وکٹیں شیلڈن کوٹریل  نے حاصل کیں۔

گراؤنڈ اسٹاف نے کچھ دیر بارش رکنے پر میدان کو خشک کرکے کھیل کے قابل بنانے کی کوشش کی تاہم زیادہ وقت گزرنے کے باوجود میچ شروع نہ ہوسکا جس کے بعد میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

میگا ایونٹ میں ویسٹ انڈیز نے ایونٹ میں اب تک 2 میچز کھیلے جن میں وہ ایک میں کامیاب اور ایک میں ناکام رہے ہیں تاہم جنوبی افریقا کو تینوں میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ون ڈے سیریز میں اسی میدان پر انگلینڈ اور پاکستان نے 373 اور361 رنز بنائے تھے اورآج کا میچ بھی ہائی اسکورنگ ہونے کا امکان تھا۔

پوائنٹس ٹیبل پر ٹیموں کی پوزیشن

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے پوائنٹ ٹیبل پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین میچز کے بعد 3 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

ویسٹ انڈیز نے ایک میچ میں کامیابی، ایک میں شکست اور ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

4 میچز کے بعد جنوبی افریقا کا نمبر نواں ہے اور اس نے اب تک ایک پوائنٹ حاصل کیا ہے۔افغانستان دسویں نمبرپربراجمان ہے۔

اسی کے ساتھ نیوزی لینڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں 4،4 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔آسٹریلیا چوتھے اورپاکستان تین پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پرہے۔