شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر پیوٹن سے کرغزستان کے صدر کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں غیررسمی ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ایک ساتھ ڈنر ہال میں داخل ہوئے لیکن عمران خان اور نریندرمودی نے ہال میں داخل ہوتے ہوئے آپس میں کوئی مصافحہ نہ کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دوسرے ملکوں کے سربراہان سے مصافحہ کیا، عمران خان ہال کےایک کونے اور نریندر مودی دوسرے کونے میں موجود رہے۔
کرغزستان کے دارالحکومت بشکک روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایس سی او اجلاس کا مقصد خطے کی اقتصادی حالت کے اقدامات کا جائزہ لینا ہے، چند روز قبل او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس ہوا تھا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی تجاویز ایس سی او لیڈر شپ کے سامنے رکھی جائیں گی جس پر وہ فیصلہ دیں گے، وزیراعظم عمران خان کی دیگر ممالک کی قیادت سے بھی ملاقات اور مشاورت ہو گی۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی شرکت کررہے ہیں تاہم وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم کی اجلاس کے دوران سائیڈ لائن پر ملاقات کوئی امکان ظاہر نہیں کیا جارہا۔