اگر افغانستان بھارت کی جانب سے دیا گیا ہدف عبور کرنے میں کامیاب ہوجاتا تو عالمی کپ 2019 کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہوتا۔
اگر افغانستان بھارت کی جانب سے دیا گیا ہدف عبور کرنے میں کامیاب ہوجاتا تو عالمی کپ 2019 کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہوتا۔

افغانستان تاریخ رقم نہ کر سکا۔منزل کے قریب پہنچ کر لڑکھڑا گیا

کرکٹ ورلڈکپ کے 28ویں میچ میں بھارت نے افغانستان کو 11 رنز کے معمولی مارجن سے شکست دیدی۔

ساؤتھمپسٹن میں کھیلے جارہے میگا ایونٹ کے 28ویں میچ میں افغانستان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو بڑا اسکور کرنے سے روکے رکھا اور بھارتی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 224 رنز ہی بناسکے۔

اگر افغانستان بھارت کی جانب سے دیا گیا ہدف عبور کرنے میں کامیاب ہوجاتا تو عالمی کپ 2019 کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہوتا۔

اس سے قبل میچ کا ٹاس بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے جیت کر افغانستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، روہت شرما اور لوکیش راہول نے اننگز کا آغاز کیا، روہت صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور راہول نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان ویرات کوہلی نے وجے شنکر کے ساتھ ملکر ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، اس دوران ویرات نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ 67 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے اور وجے شنکر بھی 29 رنز ہی بناسکے۔ ایم ایس دھونی کی اننگز بھی 28 رنز تک محدود رہی۔ کیدار جادیو 52 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

افغانستان کی جانب سے محمد نبی، گل بدین نائب نے 2،2 جب کہ راشد خان، مجیب الرحمان، آفتاب عالم، اور رحمت شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں افغانستان کی ٹیم نے میچ کے آخری اوور تک ٹورنامنٹ فیورٹ بھارت کا مقابلہ کیا تاہم 11 رنز سے اسے شکست ہوگئی۔افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔

نبی کے علاوہ رحمت شاہ 36، گلبدین نائب نے 27 اور نجیب اللہ زادارن نے 21 رنز بنائے۔بھارتی گیند باز محمد شامی نے میچ کے آخری اوور میں ہیٹ ٹرک کرکے اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنادی۔

انہوں نے محمد نبی، آفتاب عالم اور مجیب الرحمان کو پویلین لوٹایا۔ یہ ورلڈ کپ 2019 میں کسی بھی گیند باز کی جانب سے پہلی ہیٹ ٹرک تھی۔

شامی کے علاوہ جسپریت بمرہ، ہاردک پانڈیا، یزوندرا چہال نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔آج پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔