کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے 41 ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کرسیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جب کہ کیوی ٹیم کی شکست کے بعد پاکستان کی فائنل فور میں رسائی قریباً ناممکن ہوگئی ہے۔
پاکستان کو اپنے آخری میچ میں بنگلا دیش کے خلاف 316 رنز سے کامیابی حاصل کرنا ہو گی، اگر گرین شرٹس بنگلادیش کو مطلوبہ مارجن سے شکست نہ دے سکا تو بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
England book their place in the semi-finals!
Jonny Bairstow's century was the highlight of the England innings before the bowlers took over to help seal a 119-run win. #ENGvNZ | #CWC19 pic.twitter.com/6wE2xVvq0W
— ICC (@ICC) July 3, 2019
انگلینڈ کی جانب سے دیئے گئے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔جونی بیئراسٹو کو شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ڈرہم کے ریور سائیڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جیسن روئے اور جونی بیئراسٹو نے اننگز کا آغاز کیا۔
دونوں بلے بازوں نے ابتدا سے ہی جارحانہ بیٹنگ کی اور 15 اوورز میں 100 رنز مکمل کیے، جیسن روئے نے 6 چوکوں کی مدد سے 55 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور وہ 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جونی بیئراسٹو نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 99 گیندوں پر15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 106 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلش کپتان اوئن مورگن نے بھی 42 رنز کی اچھی اننگز کھیلی جب کہ جو روٹ نے 24 اورعادل رشید نے 16 رنز بنائے۔
انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے جب کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے جمی نیشام، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ایک وکٹ ٹم ساؤتھی کے حصے میں آئی۔
گزشتہ 5 ورلڈکپ مقابلوں کا جائزہ لیا جائے تو دونوں ٹیمیں 5 بارمدمقابل آئیں اورپانچوں مرتبہ نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دی تھی تاہم اس بار انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے شکست دیدی۔