بنگلہ دیش میں 8سال برسر اقتدار رہنے والے سابق فوجی حکمران حسین محمد ارشاد انتقال کرگئے ۔ حسین محمد ارشاد گزشتہ تین ہفتوں سے شدید بیمارتھے۔
غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیشی اپوزیشن لیڈر اور سابق فوجی سربراہ حسین محمد ارشاد نوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ اس وقت بنگلہ دیشی پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے لیڈر تھے۔
ان کے ایک مشیر کا کہنا ہے کہ حسین محمد ارشاد گزشتہ تین ہفتوں سے شدید بیمارتھے۔ انہیں زندگی بچانے والے آلات پر انتہائی نگہداشت میں دارالحکومت ڈھاکہ کے فوجی ہسپتال میں رکھا گیا تھا۔
سابق فوجی حکمران کو جگر اور گردوں کے عوارض کا سامنا تھا۔ حسین محمد ارشاد نے ملکی فوج کے سربراہ کے طور پر چوبیس اپریل سن 1982 کو اس وقت کے صدر کا تختہ الٹ کر حکومت پر قبضہ کر لیا تھا۔ وہ سن 1990 تک برسراقتدار رہے اور 8برس تک بنگلہ دیش پر حکمرانی کی ۔