انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن(آئی ٹی ایف) نے اگلے ماہ اسلام آباد میں ہونے والی پاکستان اوربھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کو نومبرتک ملتوی کردیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ایشیا اوشینا زون گروپ ون کی ٹائی 14اور15 ستمبرکو اسلام آباد میں طے تھی۔
آئی ٹی ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موجودہ صورتحال کو مدظر رکھتے ہوئے آزاد سیکیورٹی ماہرین کی رپورٹ کی بنیاد پر ڈیوس کپ کمیٹی نے پاک بھارت ڈیوس کپ ٹائی کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈیوس کپ کمیٹی نے صورتحال کو غیر معمولی قرار دیا اور کہا کہ ٹائی کو نومبر تک ملتوی کیا جاتا ہے، نئی تاریخ کا اعلان 9 ستمبرتک کردیا جائے گا۔
اس دوران آئی ٹی ایف پاکستان میں سیکیورٹی معاملات کا بدوستور جائزہ لیتی رہے گی۔ دوسری جانب پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ ٹائی کسی نیوٹرل وینیو پرشفٹ ہونے سے بہتر ہے کہ دو ماہ کیلیے اسے ملتوی کردیا گیا،اس دوران کشیدگی بھی کم ہوجائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹائی کو نیوٹرل وینیو پرشفٹ کیا جاتا تواس سے پاکستان ٹینس کا نقصان ہوتا۔