ن لیگ کی جانب سے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔فائل فوٹو
ن لیگ کی جانب سے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔فائل فوٹو

عمران خان ٹیکس دینے والوں کے دکھ کا ڈرامہ نہ کریں۔مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان سرکاری گیسٹ ہاؤس کھولنے سے پہلے عوام کواپنی آمرانہ اورفسطائی سوچ سے آزاد کریں۔

نتھیا گلی کا سرکاری گیسٹ ہاؤس عوام کے لیے کھولنے کے عمران خان کے ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو نوآبادیات کی عبرتناک مثال بنایا ہوا ہے،اس ڈرامے سے مہنگائی 10 فیصد سے کم اور ترقی کی شرح 3 فیصد سے زیادہ نہیں ہوگی، ٹیکس دینے والوں کے پیسوں سے صرف ایک سال میں حکومتی اخراجات میں 1100 ارب کا اضافہ ہوا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ عمران خان ٹیکس دینے والوں کے دکھ کا ڈرامہ نہ کریں، ٹیکس دینے والوں کا ایک کھرب میٹرو پشاورکے گڑھوں پر ضائع ہوچکا ہے،نتھیا گلی کا سرکاری گیسٹ ہاؤس کھولنے سے عوام کو روٹی، کاروبار اورروزگار نہیں ملے گا،ایک کروڑنوکری اور50 لاکھ گھر نہیں ملیں گے۔

ان کا کہناتھا کہ وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے،انڈے، کٹے،مرغیوں،بکریوں سے جی ڈی پی نہیں بڑھے گا،وزیراعلیٰ ہاؤس کی دیواریں توڑنے سے آپ کی لائی ہوئی معاشی تباہی ٹھیک نہیں ہو سکے گی۔ گیسٹ ہاؤس کھولنے سے پہلے عوام کو اپنی آمرانہ اورفسطائی سوچ سے آزاد کریں۔