بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشوین سب سے کامیاب باﺅلر رہے۔فائل فوٹو
بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشوین سب سے کامیاب باﺅلر رہے۔فائل فوٹو

بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو دھول چٹا دی

بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کواننگزاور137 رنز کی شکست سے دوچارکرکے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔

تفصیلات کے مطابق مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم پونے میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگزمیں کپتان ویرات کوہلی کی ڈبل سنچری کی بدولت پانچ وکٹوں کے نقصان پر 601 رنز بنائے۔ ویرات کوہلی نے 254 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی جبکہ مایانک اگروال نے 108 رنز بنائے۔

بھارت کی پہلی اننگز کے 601 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 275 رنز بنا سکی اور فالو آن کا شکار ہو گئی۔ کیشو مہاراج نے سب سے زیادہ 72 رنز بنائے جبکہ کپتان فاف ڈوپلیسی نے 64 اور ویرنون فلینڈر 44 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔

بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشوین سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ اومیش یادیو نے 3، محمد شامی نے 2 اور رویندرا جدیجہ نے 1 وکٹ حاصل کی۔

بھارت نے جنوبی افریقہ کو فالو آن کرانے کا فیصلہ کیا جو دوسری اننگز میں صرف 189 رنز پر ہی آﺅٹ ہو گئی اور یوں بھارت نے یہ میچ ایک اننگزاور137 رنز سے جیت لیا۔

دوسری اننگز میں ڈین ایلگر سب سے زیادہ 48 رنز بنا سکے جبکہ ٹیمبا باووما نے 38 اور ویرنون فلینڈر نے 37 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے اومیش یادیو اور رویندرا جدیجہ نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور روی چندرن ایشوین نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ محمد شامی اور ایشانت شرما نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔