جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے آزادی مارچ کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی کے تعلیمی ادارے کل بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آزادی مارچ کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر راولپنڈی میں بھی تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کل بند رہیں گے۔
سیکریٹری پرائیویٹ اسکولزایسوسی ایشن عبدالوحید کا کہنا ہے کہ دھرنے کے پیش نظر اسلام آباد کے تمام پرائیویٹ اسکول کل بند رہیں گے۔عبدالوحید خان نے کہا کہ دھرنے کے باعث بچوں کی حفاظت کے لیے سکولوں میں چھٹی کا فیصلہ کیا گیا۔
صدر پرائیویٹ اسکولز زعفران الہی نے کہا کہ اسلام آباد میں 31 اکتوبر کے بعد اسکول کھولنے کا فیصلہ حالات دیکھ کر کیا جائے گا۔دوسری جانب نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں کل ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کیے گئے ہیں۔
نمل انتظامیہ کے مطابق نمل یونیورسٹی میں مڈٹرم امتحانات اب 8 سے 15 نومبر کے درمیان ہوں گے۔یاد رہے کہ معاہدے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) ایچ 9 کے اتوار بازار کے قریب گراونڈ میں جلسہ کرے گی اور حکومت کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی کرے گی۔
مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں کراچی سے شروع ہونے والا جے یو آئی ف کا آزادی مارچ گزشتہ شب لاہور پہنچا جہاں شرکا نے رات مینار پاکستان کے سبزہ زار میں گزاری جب کہ مولانا فضل الرحمن نے وحدت روڈ پر قیام کیا۔
آزادی مارچ کے شرکاکی مینار پاکستان کے سبزہ زارمیں بریانی، نان چنے اورچائے سے تواضع کی گئی جس کے بعد قافلہ گجرانوالہ کے لیے روانہ ہوگیا۔آزادی مارچ کے شرکا کل اسلام آباد پہنچیں گے۔