اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
اسپیکرقومی اسمبلی اورچیئرمین سینیٹ نے الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کے لیے حکومت اوراپوزیشن سے نئے نام مانگ لیے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اوراسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیراعظم عمران خان اوراپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خطوط بھجوا دیے ۔
اپنے مراسلے میں چیئرمین اوراسپیکرنے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر سے دوارکان کی تقرری کے لیے تین تین نام مانگ لیے، وزیراعظم اوراپوزیشن لیڈرکی جانب سے نام ملنے کے بعد پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائے جائیں گے۔
خیال رہے کہ ستمبر میں صدر مملکت عارف علوی نے الیکشن کمیشن کے دو ممبران کی تقرری کی منظوری دی تھی جسے اپوزیشن نے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس حوالے سے ان سے کسی قسم کی مشاورت نہیں کی گئی جب کہ چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے بھی نئے تقرر شدہ ممبران سے حلف لینے سے معذرت کر لی تھی۔
الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائرکی گئی تھی جس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے تھے کہ بادی النظر میں صدارتی آرڈیننس غیرقانونی ہے۔