پشاور ہائیکورٹ نے جمعیت علمائے اسلام(ف) کو حکومت مخالف آزادی مارچ کے پلان کے تحت دھرنوں کے دوران سڑکیں بند کرنے سے روک دیا۔
جسٹس اکرام اللہ اور جسٹس وقاراحمد پر مشتمل پشاور ہائیکورٹ کے بنچ نے جمعیت علمائے اسلام(ف) کے پلان بی کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے جے یوآئی کو سڑکیں بند کرنے سے روک دیا۔
درخواست گزار شاہ فیصل اتمان خیل نے موقف اختیارکیا کہ سڑکیں بند کرنا شہریوں کی بنیادی و آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے،جے یوآئی کو سڑکیں بند کرنے سے روکا جائے، کیونکہ اس سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
جسٹس اکرام اللہ نے ریمارکس دیے کہ ہم حکم امتناعی جاری کرتے ہیں باقی عملدرآمد کرانا حکومت کا کام ہے۔