وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام نے ٹیکس دینا شروع کردیا اور حکومت کے پاس پیسہ آرہا ہے۔
اسلام آباد میں کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ کے حکم پر نہ چلنے والی قومیں برباد ہو جاتی ہیں، جب قوم مستقبل کا نہیں سوچتی اس کے آگے بربادی ہے
وزیر اعظم نے کہاکہ ہم اپنے ملک کو آلودگی سے تباہ کررہے ہیں، قوم اس کا مقابلہ کرے، تاریخ کا سب سے بہترین بلدیاتی نظام لارہے ہیں، سندھ نے بھی اگر ترقی کرنی ہے تو اس نظام کو اختیار کرے۔
عمران خان نے کہا کہ نئے پاکستان کے تصور کو سمجھنے کی ضرورت ہے، نیا پاکستان زمین پر بعد میں اور ذہنوں میں پہلے آئے گا کیونکہ تبدیلی پہلے ذہنوں میں آتی ہے، عوام آہستہ آہستہ ٹیکس دینا شروع کررہے ہیں اور حکومت کے پاس پیسہ آرہا ہے، یہ پیسہ عوامی فلاح و بہبود پراورماحول پرلگائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 35،30سال پہلے لاہور کی آب و ہوا بہت صاف تھی لیکن اب وہ دنیا کا دوسرا یا تیسرا آلودہ ترین شہرہے، آلودگی کی وجہ سےسانس لینا مشکل ہے اور بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے جن سے بوڑھےاوربچوں کی زندگیوں کوخطرات ہیں، 10سال میں شہر کے70فیصد درخت کاٹ دیے گئے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نبی کریمﷺ کا فرمان ہے صفائی نصف ایمان ہے،اللہ کسی قوم کی اس وقت تک حالت نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنی حالت بدلنے کی کوشش نہ کرے، پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعت ہے، یہاں سونے،تانبے،گیس کے ذخائر ہیں، زیرزمین کئی خزانوں کو ابھی تک دریافت ہی نہیں کیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ تمام خالی علاقوں میں درخت لگائیں گے، ایسا ملک بنیں گے ساری دنیا ہماری مثال دے گی، چند سال میں ہمارا ملک ماحولیاتی طور پر تبدیل ہو جائے گا۔
قبل ازیں مشیر ماحولیات امین اسلم کا کہنا تھا اسلام آباد میں کلین اینڈ گرین مہم کامیابی سے جاری ہے، الیکٹرک گاڑیوں سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جاسکتا ہے، ہزاروں گیلن پانی سمندر میں ضائع ہو جاتا ہے، پانی کا ضیاع روکنے کیلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، 19 شہروں میں مختلف انڈیکیٹرز پرکام جاری ہے، مضر صحت پانی کو دوبارہ قابل استعمال بنایا جائے گا۔