یہ حکومت جعلسازی سے آئی ہے ہر کام میں جعلسازی کرتی ہے ۔فائل فوٹو
یہ حکومت جعلسازی سے آئی ہے ہر کام میں جعلسازی کرتی ہے ۔فائل فوٹو

مشیر خزانہ ڈھٹائی سے جھوٹ بول رہے ہیں۔احسن اقبال

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومتی نالائقی کا ثبوت یہ ہے کہ آج دفاعی بجٹ کے لیے مطلوبہ رقم نہ ہونے کے خطرات ہیں۔

اپنے بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ مشیر خزانہ ڈھٹائی سے جھوٹ بول رہے ہیں کہ اقتدار ملنے پر معیشت کی حالت خراب تھی، انہیں جتنی ٹماٹر کی قیمت معلوم ہے، اتنے ہی ان کے اعداد و شمار معتبر ہیں،بیڑہ غرق اور ستیاناس کا بیانیہ بول بول کر معیشت کا بیڑہ غرق اور ستیاناس کردیا گیا ہے، الزام تراشیوں سے ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہوا کرتی۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں پوری دنیا، ورلڈ بینک اورعالمی ریٹنگ ایجنسیز نے تسلیم کیا تھا کہ پاکستان 6 فیصد ترقی کی شرح حاصل کرلے گا، نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے 5.8 فیصد شرح سے ترقی کرتا پاکستان نالائقوں کے حوالے کیا تھا لیکن ایک سال میں آپ نے ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا اور ترقی کی شرح آج ڈھائی فیصد پر ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ہم نے 47 سال میں کم ترین 3 فیصد مہنگائی کی شرح والا پاکستان حوالے کیا تھا لیکن نالائق ٹولے نے اپنی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی کی اس شرح کو 14 فیصد پر پہنچادیا۔ ایشیا کی تیز ترین ابھرتی معیشت کو 15 ماہ میں جنوبی ایشیا کی سست ترین معیشت میں ڈھالنا پی ٹی آئی حکومت کا کارنامہ ہے، مسلم لیگ (ن) کے دور میں ریکارڈ ٹیکس وصولیاں ہوئیں لیکن پی ٹی آئی کو 162 ارب کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ حکومت کی نالائقی کی ایک اورکہانی ہے، کاروبار اور معیشت ٹھپ کرکے تو یہ سرپلس ہی ہوگا، آپ کی معاشی کارکردگی روزگار، کاروبار، دکان، فیکٹری، زراعت اور صنعت کا بند ہونا ہے، پہلی بار ہے کہ اسٹیٹ بینک دیوالیہ ہورہا ہے، آپ کی نالائقی کا ثبوت یہ ہے کہ آج دفاعی بجٹ کے لیے مطلوبہ پیسہ نہ ہونے کے خطرات ہیں، کیا 1,000 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کو گھٹا کر 450ارب روپے کر دینا ترقی ہے۔