بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ساسی ڈرامہ بازی کے دوران بے جے پی کی حکومت تین دن بعدہی گرگئی۔
مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ فڑنویس نے حلف اٹھانے کے صرف تین دن بعد ہی عہدے سے استعفیٰ دے دیا، سپریم کورٹ نے آج ہی بدھ کے روز وزیراعلی کو اعتماد کا ووٹ لینے کا حکم دیا لیکن انہوں نے اس کا انتظار کیے بغیر ہی عہدہ چھوڑ دیا۔
نائب وزیراعلی اجیت پوار بھی ان سے پہلے ہی استعفی دے چکے ہیں۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار کو لگا کہ وہ اپنی اکثریت ثابت نہیں کر سکتے اوراسی وجہ سے ان دونوں نے اہنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔
واضح رہے کہ ہفتہ کے روز سب کو حیرت زدہ کرتے ہوئے دیویندر فڑنویس نے وزیراعلیٰ اوراجیت پوار نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لے لیا تھا۔
دیویندر فڑنویس نے اس وقت کہا تھا کہ اجیت پوار نے این سی پی کے ایم ایل اے کی حمایت کا خط پیش کیا ہے اور ان کے پاس اکثریت کا ہدف موجود ہے۔ تاہم، اس کے فورا بعد ہی این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے کہا کہ یہ اجیت پوار کا ذاتی فیصلہ ہے اور پارٹی اس سے اتفاق نہیں کرتی ۔
اس کے بعد، اگلے چند گھنٹوں میں شرد پوار نے شیوسینا کے چیف ادھو ٹھاکرے کے ساتھ پریس کانفرنس کی اور ان کے پاس اکثریت ہونے کا دعوی کیا۔
ہفتے کی شام تک شرد پوار نے اجیت پوار خیمہ میں جانے والے تقریباً نصف ایم ایل اے کو اپنے کیمپ میں واپس بلا لیا۔
بعد ازاں، شیوسینا، کانگریس اور این سی پی نے ممبئی کے ایک ہوٹل میں 162 ایم ایل اے کی پریڈ کرا دی،اجیت پوار کے علاوہ این سی پی کے تمام ایم ایل اے بھی اس دوران موجود تھے۔