کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے کہیں ہلکی اورکہیں تیز بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
شہر قائد میں لانڈھی، کورنگی، شارع فیصل، ٹیپو سلطان، گلشن اقبال اور ناظم آباد میں رات گئے سے ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔بارش کے باعث سڑکوں پرموٹرسائیکل پھسلن کے کئی واقعات بھی پیش آئے جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سے جاری ہلکی بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔گزشتہ روز سے اب تک سرجانی ٹائون میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جبکہ نارتھ کراچی میں صفراعشاریہ 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں مغربی ہوائوں کے سسٹم کے باعث آج رات سے 13 دسمبر تک شہر میں ہلکی و معتدل بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل برسے جس کے بعد سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔مری میں پہاڑوں پربرفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جب کہ دیامر کے بالائی مقامات، بابو سر ٹاپ اورنانگا پربت پر بھی وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔