کس وقت یادگار شہدا کا مینار مسمار کیا پولیس کو کچھ معلوم نہیں۔فائل فوٹو
کس وقت یادگار شہدا کا مینار مسمار کیا پولیس کو کچھ معلوم نہیں۔فائل فوٹو

جناح گراؤنڈ میں یادگار شہدا کو نامعلوم افراد نے مسمار کردیا

ایم کیوایم  کی عزیزآباد کے جناح گراؤنڈ میں واقع یادگار شہدا کو نامعلوم افراد نے مسمارکردیا۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابقہ ہیڈ کوارٹر عزیز آباد کے جناح گراؤنڈ میں واقع ’’یاد گار شہدا ‘‘ کو نامعلوم افراد نے مسمار کردیا ہے،مقامی پولیس کے ایس ایچ او نے بھی واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کو اس واقعے کی اطلاع  شام کو ملی،نامعلوم افراد نے کس وقت یادگار شہدا کا مینار مسمار کیا اوراس کے ڈھانچے کے ساتھ ساتھ عمارت کو کب نقصان پہنچایا گیا؟ اس بارے پولیس نے لاعلمی ظاہرکی ہے۔

اس واقعہ کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت جناح گراؤنڈ پہنچ گئی اور پارٹی کی جانب سے یادگار شہدا کو دوبارہ تعمیرکرنے کا اعلان کیا۔

یاد رہے کہ ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنوں کو عزیز آبادکے یاسین آباد کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جاتا رہا ہے،ایم کیو ایم کی قیادت کی جانب سے تمام شہدا کی ایک یادگار جناح گراؤنڈ میں بنائی گئی تھی اورایم کیو ایم کی جانب سے ہر سال یوم شہدا بھی منایا جاتا رہا ہے،ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر جانے والے سرکاری اور سیاسی رہنماؤں کو یادگار شہداءپر بھی حاضری دینا پڑتی تھی۔

ایم کیوایم کے بٹوارے کے بعد اس سلسلے میں سرگرمیاں بھی ماند پڑگئی تھیں اور گذشتہ کئی سال سے یادگار شہدا  پر حاضری کی بجائے ایم کیوایم کے تنظیمی دھڑے اپنے اپنے طور پر شہدا کی یاد مناتے ہیں۔