ملائیشیا میں جاری کوالالمپورسمٹ میں شریک مسلم ممالک کو باہمی تجارت کیلیے ڈالرکی بجائے متبادل کرنسی استعمال کرنے اعادہ کیا ہے۔
ترک صدرطیب اردگان نے کہا کہ ہمیں تجارت میں امریکی ڈالر کی بجائے اپنی کرنسی استعمال کرنے کیلیے ترسیل زر کا نیا نظام بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی جنگ بھی اس دورکا ایک بڑا مسئلہ ہے اوراس کی ترجیحی دی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اسلامی معیشت کو بھی ایجنڈے کا حصہ بنانا چاہیے اورترکی نے اس پرابتدائی کام شروع کردیا ہے۔
ایران کے صدر حسن روحانی نے بھی اپنی تقریر میں کہا کہ مسلم ممالک کو بھی اپنی کرنسی بنانے پر غور کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک نئی بلاک چین ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے اپنی کریپٹو کرنسی بنا سکتے ہیں۔ حسن روحانی نے کہا کہ کریپٹو کرنسی پر بیوروکریسی اور مارکیٹ کا اتار چڑھاؤ اثر انداز نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اپنی کرنسی کے استعمال سے مسلم ممالک کا امریکہ پر انحصار کم ہو جائے گا۔ خیال رہے کہ ماضی میں ڈاکٹر مہاتیر محمد نے بھی اسلامی دینار بنانے کا مشورہ دیا تھا۔
یاد رہے کہ کوالالمپور سمٹ میں 52 ممالک کے 400 نمائندے سمیت 250 سیاستدان، صدور اور رہنما شریک ہیں۔
سمٹ 18 سے 21 دسمبر تک ملائیشیا میں جاری رہے گا جس میں ترک صدر رجب طیب اردگان، قطری امیر شیخ تمیم بن حم آل ثانی اورایران کے صدر حسن روحانی نے بھی شریک ہیں۔