جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہاہے کہ کشمیرکی آزادی کیلیے جہاد کے سواکوئی راستہ نہیں، شملہ معاہدہ سمیت بھارت کے ساتھ معاہدوں کوختم کیا جائے۔
اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کشمیرکی آزادی کیلیے جہاد کے سواکوئی راستہ نہیں ، شملہ معاہدہ سمیت بھارت کے ساتھ معاہدوں کوختم کیا جائے ،بھارت کیلیے پاکستان کی فضائی حدود بند کی جائیں،اگرآ پ کشمیر ہار گئے تو پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں ملے گا ۔
سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم اگر قوم کی رہنمائی نہیں کر سکتے تو کرسی چھوڑ دیں،عمران خان نے کشمیریوں کے لیے اقوام متحدہ کی تقریروں سے بڑھ کراورکچھ نہیں کیا۔امریکہ اور دنیا کی دیگر طاقتوں پر یقین رکھنے والے کشمیر کی آزادی کا اعتماد نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کردی ہے مگر ہمارے ایوانوں میں بیٹھے لوگ اندھے اور بہرے ہیں۔ایک فوجی آمرکی پھانسی کی سزا سے زیادہ اہم مہنگائی اورکشمیر کا مسئلہ ہے
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے لبوں پرایک ہی نعرہ ہے پاکستان ہماراہے،مودی کشمیریوں کا قاتل ہے۔ ہم مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں اسلام آباد میں اکٹھے ہوئے ہیں، کشمیریوں نے لاکھوں جانوں کانذرانہ دیا ہے ۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیرمیں ظلم کابازار گرم کررکھاہے ، نہتے کشمیریوں کوپیلٹ گن سے نشانہ بنایا گیا،کشمیریو پاکستان تمہارااورہم تمہارے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں کشمیریوں سے جدا نہیں کرسکتی،مودی بابری مسجداورگجرات میں مسلمانوں کاقاتل ہے،انتہاپسندبھارت نے مقبوضہ کشمیرکاآئین اورجھنڈاختم کردیاہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیرتقسیم ہندکانامکمل ایجنڈاہے۔