نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔فائل فوٹو
 نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔فائل فوٹو

کراچی ٹیسٹ میں پاکستان کی تاریخی فتح

پاکستان نے سری لنکا کو 13 سال بعد ہوم گرائونڈ پر شکست دے کر تاریخی فتح سمیٹ لی جس کا اثر پاکستان کی آئی سی سی چیمپئن شپ ٹیبل کی پوزیشن پر بھی پڑا جس میں قومی ٹیم تیسرے نمبر پرآ گئی ہے ۔

پاکستان نے سری لنکا کو 476 رنز کا ہدف دیا تھا اور مہمان ٹیم نے چوتھے روز 212 رنز بنائے تھے۔ دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کو فتح کے لیے صرف 3 وکٹیں درکار تھیں  لیکن کھیل کے آغاز پر ہی سری لنکا کے تینوں کھلاڑی مجموعے میں کوئی اضافہ کیے بغیر 212 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔

نسیم شاہ نے پہلی ہی گیند پر ایمبل ڈینیا کو صفرپرآؤٹ کردیا جس کے بعد یاسر شاہ نے سنچری میکر اوپنر اوشاڈا فرنینڈو کو اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا جس کے بعد وشوا فرنینڈو بھی صفرپر نسیم کو وکٹ دے بیٹھے۔

میچ کے آخری روزسری لنکن کھلاڑیوں نے صرف16گیندوں کا سامنا کیا،نسیم شاہ نے دوکھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ ایک وکٹ یاسر شاہ نے لی،

عابد علی نے مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کیا۔ نسیم شاہ نے دوسری اننگ میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس کے نتیجے میں وہ ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے دوسرے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔

یاسر شاہ نے2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عباس ،شاہین آفریدی،اور حارث سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کو آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی کے بعد 60 پوائنٹس مل گئے ہیں اور یوں پاکستانی ٹیم 80 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد ٹیبل پر تیسری پوزیشن پربراجمان ہو گئی ہے ۔

پاکستان نے 13 برس بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ جیتاہے اورآخری میچ 2006 میں جیتا تھا۔اس سے قبل راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا میچ کم روشنی، بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث کسی نتیجے کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا۔