انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) حملہ کیس میں 25 وکلا کی درخواست ضمانت منظورکرلی۔
انسداددہشت گردی عدالت کے جج ارشد بھٹہ نے پی آئی سی حملہ کیس میں گرفتار25 وکلا کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ 25 ملزمان کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرلیا گیا ہے، پنجاب فرانزک سائنس لیباریٹری نے جواب عدالت میں جمع کروایا ہے۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ 25 وکلا کی شناخت پریڈ میں تصدیق ہو چکی ہے۔
ملزمان کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ 32 وکلا 10 دن سے پولیس کی حراست میں موجود ہیں۔اگر پولیس نے فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانا تھا تو دوران حراست کرا لیتی۔ہمارے وکلا بھائیوں کا میڈیکل بھی نہیں کرایا گیا۔
ملزمان کے وکلا نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت تمام وکلاء کی رہائی کا حکم دے۔ملزمان وکلا کی جانب سے ممبر پنجاب بار کونسل فرہاد علی شاہ اور سیکرٹری لاہور بار ملک عدیل احسان نے دلائل دیے۔