سوئی سدرن گیس کمپنی نے سسٹم میں گیس پریشر میں کمی کو جوازبناتے ہوئے سی این جی اسٹیشنزکو گیس کی بندش کا درانیہ مزید 24 گھنٹے بڑھا دیا۔
ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی میں مشکلات کے پیش نظراب صوبے بھرکے سی این جی اسٹیشنز کو بدھ کی رات 8 بجے گیس فراہمی بحا ل کیے جانے کا امکان ہے۔
قبل ازیں ایس ایس جی سی نے منگل کی رات 8 بجے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بحال کرنے کا عندیہ دیا تھا جواب بدھ کو کھلیں گے، صوبے بھر میں سی این جی اسٹیشنز مسلسل چار روز سے ہفتہ کی رات آٹھ بجے سے بند ہیں جب کہ گزشتہ آٹھ دنوں میں محض 21 گھنٹے سی این جی فراہم کی جاسکی ہے۔
دوسری جانب گیس کی مسلسل بندش پرسی این جی اسٹیشنز مالکان کا ضبط جواب دے گیا اور سی این جی اسٹیشن مالکان نے آج ہر صورت میں ازخود سی این جی فلنگ اسٹیشنز کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ بندش کا دورانیہ مزید بڑھایا گیا تو منگل کو ازخود اسٹیشن کھول دیں گے تاہم اس اعلان پر عمل نہیں ہوا تھا اب انہوں نے یہی دھمکی بدھ کے لیے دی ہے۔
دریں اثنا سی این جی بندش کے سبب شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی شدید قلت کا سامنا ہے، شہر کی سڑکیں سرشام ہی خالی ہوگئیں شہریوں نے دن بھر اکا دکا چلنے والی بسوں کی چھت پر بیٹھ کرسفر کیا، رکشہ، ٹیکسی والوں نے پیٹرول پر گاڑیاں چلانا شروع کردیں اور شہریوں سے من مانے کرایے وصول کیے۔