سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازکی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کرنے والا لاہور ہائی کورٹ کا بینچ تحلیل ہوگیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنا نام ای سی ایل سے نکلوانے اور6 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں دو درخواستیں دائرکر رکھی ہیں۔
مریم نواز کی درخواستوں پر آج سماعت ہونی تھی تاہم رہنما ن لیگ کی درخواستوں پرسماعت کرنے والا بینچ تحلیل ہو گیا ہے۔جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں قائم بینچ موسم سرما کی عدالتی تعطیلات کے باعث تحلیل ہوا۔
لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ سماعت کے دوران کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے مریم نوازکا نام ای سی ایل سے نکالنے یا نہ نکالنے کے فیصلے کے بعد ہی کیس کی سماعت ہو گی۔
عدالت نے حکومت کو اس حوالے سے جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے 26 دسمبر تک سماعت ملتوی کردی تھی۔دو روز قبل وزارت داخلہ کی ذیلی کمیٹی نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالف کردی تھی۔