یوکرائن کےایران میں گرکر تباہ ہونے والے مسافر طیارے کے دونوں بلیک باکس تلاش کرلیے گئے ہیں اور اب ا س حوالے سے ایران کی سول ایوی ایشن کے سربراہ علی عابد زادہ نے اعلان کیاہے کہ یہ بلیک باکس بوئنگ کے حوالے نہیں کیا جائے گا ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ ایرانی حکام کے مطابق یوکرائن کے تباہ ہونے والے طیارے کے دونوں بلیک باکس تلاش کرلیے گئے ہیں جوکہ حادثے میں بری طرح متاثر ہوئے ہیں تاہم یقین ہے کہ ان میں درج معلومات حاصل کرلی جائیں گی ۔
یاد رہے کہ آج علی الصبح ایران کے دارلحکومت تہران سے یوکرائن کے بوئنگ مسافر طیارے نے پرواز بھری جس میں عملے سمیت 176 افراد سوار تھے تاہم اڑنے کے چند منٹوں بعد اس کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہو گیا اور یہ گرکرتباہ ہو گیا جس میں تمام مسافر ہلاک ہو گئے ہیں ۔
یوکرائن کی ایئر لائن نے اعلان کیاہے کہ وہ حادثے کی درست وجہ جاننے کیلیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور تحقیقات میں بوئنگ کے علاوہ قومی اداروں کی مدد حاصل کی جائے گی ۔
ایران کی نیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی سول ایوی ایشن کے سربراہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ایران بلیک باکس بوئنگ کے حوالے نہیں کرے گا تاہم ابھی یہ طے نہیں ہوا ہے کہ بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کیلیے کسے دیا جائے گا۔
دوسری جانب یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ یوکرائن نے طیارہ حادثے کے بعد غیر معینہ مدت تک ایران کیلیے پروازوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیاہے ۔