جائیداد کے تنازع نے پنجاب کے شہروں فیصل آباد اوراٹک میں 7 افراد کی جان لے لی۔
اٹک کے قریب جھنڈ کے گاؤں گڑدی میں زمین کے تنازع پر ہونے والے جھگڑے میں فائرنگ سے خاتون سمیت 4 افراد قتل ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کی لاشوں کو تعلقہ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔پولیس قاتلوں کو ڈھونڈنے اور گرفتارکرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ادھر فیصل آباد میں جائیداد کے جھگڑے میں 3 بھائیوں کی جان چلی گئی، گزشتہ روز فائرنگ کے نتیجے میں 2 بھائی جاں بحق ہو گئے تھے، واقعے میں شدید زخمی ہونے والا ان کا ایک اور بھائی آج دورانِ علاج اسپتال میں دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ایڈن ویلی میں گزشتہ روز ہونے والے گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے تیسرے بھائی جمیل نے بھی الائیڈ اسپتال میں آج دم توڑ دیا ہے۔