پاکستان میں اقلیتی ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی نابالغ لڑکیوں کے اغوا کے حالیہ معاملے پر سخت احتجاج درج کرانے کے لیے بھارتی وزارت خارجہ نے دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک سینئر افسرکو طلب کیا ۔ ہندوستان نے پاکستان سے اغوا کی گئی لڑکیوں کو ان کے اہل خانہ کے پاس ‘فوراََ بحفاظت واپس’ بھیجنے کے لیے کہا ہے ۔
ایک رپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ ہندو اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی دو نا بالغ لڑکیاں شانتی میگھواڑاورسرمي میگھواڑ کا 14 جنوری کو اغوا کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستان میں سندھ کے تھر پارکرعلاقے میں عمر گاؤں کی رہنے والی ہیں ۔ اس کے علاوہ ایک دیگر واقعہ میں ایک اور نابالغ لڑکی مہک کو 15 جنوری کو صوبہ سندھ کے جیکب آباد ضلع سے اغوا کرلیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اقلیتی ہندو برادری کی نابالغ لڑکیوں کے اغوا کے معاملے میں پاکستانی افسرکو مطلع کیا گیا ہے اور پاکستان میں ہندو برادری نے ان واقعات کو شرمناک قراردیتے ہوئے شدید تشویش کا اظہارکیا ہے ۔
بھارت کی جانب سے بھی ان واقعات کی سخت مذمت کی گئی ہے اور نابالغ لڑکیوں کو ان کے اہل خانہ کے پاس جلداز جلد بحفاظت واپس کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔