وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ احتساب کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیح ہے اور بڑے کرپٹ ملک لوٹیں گے تو پکڑے بھی جائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان سے سابق وزیرقانون بابراعوان نے ملاقات کی جس میں بابراعوان نے وزیراعظم کو مختلف آئینی، قانونی اور سیاسی امور پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ادارے اتنے مضبوط کردوں گا جتنے پہلے کبھی نہیں ہوئے، اداروں کا نام ریاست بھی ہے اور جمہوریت بھی ہے، ٹرانسپیرنسی، احتساب، شفافیت اور ریفارمز سب سے بڑی ترجیحات ہیں، بڑے کرپٹ ملک لوٹیں گے تو پکڑے بھی جائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احتساب کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیح ہے، احساس پروگرام کے تحت نچلے طبقے کو اوپراٹھائیں گے۔
بابراعوان نے کہا کہ احتساب اور ریفارمز کا ایجنڈا حکومت کی درست سمت کا تعین ہے، حالات میں بہتری کے ثمرات جلد عام عوام تک پہنچ سکیں گے۔