پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان کا نعرے لگانے والوں نے پرانے پاکستان کوبھی کفن پہنا دیا۔
لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک بھر میں عوام آج مہنگائی کی دہائی دے رہے ہیں، پی ٹی آئی کے وزرا بھی مہنگائی کے خلاف بات کر رہے ہیں اور وہ کہتے ہیں عوام کا سامنا کیسے کریں، وزیراعظم کہتے ہیں مجھے معلوم ہے چینی بحران کے پیچھے کون ہے اورکہتے ہیں ایکشن لیں گے لیکن قوم کہتی وہ ایکشن کب ہو گا، ایکشن شہبازشریف اور نوازشریف پر ہونا ہوتا تو اب تک ہو چکا ہوتا۔
مزہ شہباز نے کہا کہ نئے پاکستان کا نعرے لگانے والوں نے پرانے پاکستان کوبھی کفن پہنا دیا اور ابھی مہنگائی کی شروعات ہوئی ہے، آج تک کسی حکومتی ذمے دار کے خلاف کارروائی نہیں ہو سکی، جن کے خلاف ایکشن ہونا تھا وہ خان صاحب کے اردگرد بیٹھے ہیں جب کہ گورنراسٹیٹ ہماری ایکسپورٹس کا سوڈان ایتھوپیا سے موازنہ کر رہے ہیں۔