اقوام متحدہ کی سربراہی کے لیے لانا نسیبہ کی نامزدگی پر ایران کی شدید تنقید

’گریٹر اسرائیل‘ منصوبے کے لیے سفارتی راہ ہموار کرنا اور ایک منظم نسل کشی پر پردہ ڈالنا ہے۔

October 26, 2026 · بام دنیا
اقوام متحدہ کی سربراہی کے لیے لانا نسیبہ کی نامزدگی پر ایران کی شدید تنقید

اقوام متحدہ کی سربراہی کے لیے لانا نسیبہ کی نامزدگی پر ایران کی شدید تنقید

تہران ( صباح نیوز)ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے متحدہ عرب امارات کی سفارتکار لانا نسیبہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی سیکریٹری جنرل بننے کی کوشش کے ذریعے مبینہ طور پر ’گریٹر اسرائیل‘ منصوبے کو آگے بڑھا رہی ہیں۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر انگریزی زبان میں جاری ایک پیغام میں باقر قالیباف نے لانا نسیبہ کی امیدواری کو ’اقوامِ متحدہ کے اعلیٰ ترین منصب پر قبضہ کرنے کی کوشش‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد ’گریٹر اسرائیل‘ منصوبے کے لیے سفارتی راہ ہموار کرنا اور ایک منظم نسل کشی پر پردہ ڈالنا ہے۔

انھوں نے مزید لکھا کہ ’ان کے پیشہ ورانہ ریکارڈ میں غزہ کی تباہی کا دفاع کرنے کے سوا کچھ نظر نہیں آتا۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے لومڑی مرغیوں کے باڑے کی نگہبان بننے کے لیے درخواست دے رہی ہو۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے باضابطہ طور پر وزارتِ خارجہ میں سیاسی امور کی انڈر سیکریٹری لانا نسیبہ کو موجودہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے جانشین کے طور پر نامزد کیا ہے.
باقر قالیباف کی پوسٹ کے ساتھ 2024 کی ایک خبر کا سکرین شاٹ بھی شامل تھا، جس میں لانا نسیبہ غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے تعلقات کا دفاع کرتی دکھائی دیتی ہیں۔