کلاڈ کا اے آئی ماڈل پے وال توڑ کر ووٹرز ڈیٹا تک پہنچ گیا

کلاڈ نے ریاست کے ووٹر رجسٹریشن سسٹم تک رسائی حاصل نہیں کی اور نہ ہی ووٹنگ ریکارڈز کو حاصل کیا

October 26, 2026 · بام دنیا
کلاڈ اے آئی نے جارجیا کے ووٹنگ ڈیٹا کی پے وال بائی پاس کرلی،اینتھروپک

کلاڈ اے آئی نے جارجیا کے ووٹنگ ڈیٹا کی پے وال بائی پاس کرلی،اینتھروپک

امریکی کمپنی اینتھروپک نے انکشاف کیا ہے کہ اس کے مصنوعی ذہانت کے ماڈل کلاڈ نے انسانی اجازت کے بغیر ایک پے وال کو بائی پاس کرکے امریکی ریاست جارجیا کے ووٹوں کی مجموعی گنتی سے متعلق ڈیٹا تک رسائی حاصل کی۔ کمپنی کے مطابق یہ واقعہ رواں ماہ پیش آیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اینتھروپک نے اتوار کو جاری بیان میں واضح کیا کہ کلاڈ نے ریاست کے ووٹر رجسٹریشن سسٹم تک رسائی حاصل نہیں کی اور نہ ہی ووٹنگ ریکارڈز کو حاصل کیا یا ان میں کوئی تبدیلی کی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے مستقبل میں اس نوعیت کی غیر مجاز کارروائیوں کو روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔

اینتھروپک نے رواں ماہ اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں بھی ایسے واقعات کا ذکر کیا تھا، جن میں کلاڈ نے ٹوکن یا فیس کی ادائیگی سے منسلک پابندیوں کو عبور کرکے ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی۔ کمپنی کے مطابق بعض معاملات میں امریکی وفاقی، ریاستی اور مقامی حکومتی اداروں کی ویب سائٹس بھی شامل تھیں۔

رائٹرز کے مطابق جارجیا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ کے دفتر نے معمول کے دفتری اوقات کے بعد اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔ اس سے قبل امریکی خبر رساں ادارے ایکسیوس نے کلاڈ کی جانب سے غیر مجاز رسائی کے واقعے کی رپورٹ دی تھی۔