امریکا میں اموات کی مجموعی تعداد ایک ہزار 32 تک پہنچ گئی۔فائل فوٹو
امریکا میں اموات کی مجموعی تعداد ایک ہزار 32 تک پہنچ گئی۔فائل فوٹو

دنیا بھر میں کرونا وائرس 21 ہزارافراد کو نگل گیا

دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 21 ہزارتک پہنچ گئی۔

تیزی سے پھیلتے کرونا وائرس نے 198 ممالک کو بری طرح متاثرکیا  ہے اوراب تک کے اعداد وشمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 21 ہزار304 ہو گئی ہے جبکہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 72 ہزار 406 تک پہنچ گئی ہے، ایک لاکھ 14 ہزار740 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

اٹلی اوراسپین میں ہلاکتیں چین سے بھی زیادہ

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دروان اسپین میں 700 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد اسپین اٹلی کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ اموات والا دوسرا ملک بن گیا ہے جہاں اب تک 3 ہزار647 لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 50 ہزارکے قریب پہنچ گئی ہے۔

اٹلی میں کرونا وائرس کے باعث اب تک سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جہاں ساڑھے 7 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور74 ہزار 386 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

کرونا وائرس کے باعث اموات کے اعتبار سے چین دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 افراد ہلاک اور 67 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

امریکا بھی کرونا وائرس سے پریشان

امریکا میں بھی کرونا وائرس کے باعث اموات اور مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور امریکا میں 278 افراد کی ہلاکت کے بعد وہاں اموات کی مجموعی تعداد ایک ہزار 32 تک پہنچ گئی ہے۔

کرونا وائرس امریکا کی 50 ریاستوں تک پھیل چکا ہے لیکن سب سے زیادہ متاثر امریکی ریاست نیویارک ہے جہاں اب تک ساڑھے 300 سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

امریکی سینیٹ نے کورونا وائرس کے باعث ہونے والے معاشی نقصان کے ازالے اور صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے 2 کھرب ڈالر کے مالیاتی پیکج کی منظوری دیدی ہے۔

ایران میں 2 ہزار سے زائد ہلاکتیں

ایران میں بھی 27 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جس میں سے 2077 افراد زندگی سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ فرانس میں اب تک وائرس 1331 لوگوں کی جان لے گیا جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 25 ہزار 233 ہے۔

افریقی فٹبالر کورونا سے ہلاک

دوسری جانب افریقن فٹ بالراورصومالیہ کے وزیر کھیل عبدالقادر محمد فرح کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں، افریقن فٹ بالر کو گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کا نتیجہ پازیٹو آیا تھا اور وہ ان دنوں لندن کے نارتھ ویسٹ اسپتال میں زیر علاج تھے۔

مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت

لاک ڈاؤن کا شکار مقبوضہ کشمیر میں بھی کرونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت رپورٹ کی گئی ہے جب کہ برطانیہ میں 41 مزید افراد کی ہلاکت کے بعد اموات کی تعداد 463 ہو گئی ہے۔