سعودی شاہی خاندان کے 150 افراد کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی شاہی خاندان کے اراکین سمیت 150 افراد حالیہ ہفتے میں کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ریاض کے 70 سالہ گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز وائرس کے باعث انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) میں زیرعلاج ہیں۔
سعودی فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان وائرس سے بچنے کے لیے آئسولیشن میں بھی رہ چکے ہیں جبکہ وہ وائرس سے متاثر نہیں ۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ شاہی اراکین کا علاج کرنے والے اعلیٰ اسپتال کے ڈاکٹرز نے بتایا کہ متوقع کیسز کی بناء پر اسپتال میں مزید 500 بستر لگائے جارہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے اعلیٰ ترین اسپتال کنگ شاہ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال کو ایک ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے جس میں سینئر ڈاکٹرز کو ملک بھر سے اہم شخصیات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہائی الرٹ میں کہا گیا ہےکہ کیسز کی تعداد کا ابھی کوئی علم نہیں لیکن ہائی الرٹ رہا جائے۔
الرٹ میں مزید ہدایت دی گئی ہے کہ پرانے مریضوں کو فوری طور پر اسپتال سے فارغ کیا جائے اور صرف انتہائی اہم کیسز لیے جائیں۔
الرٹ میں کہا گیا ہےکہ کورونا سے متاثرہ کسی بھی اسٹاف ممبر کو کنگ شاہ فیصل میں نہیں رکھا جائے گا بلکہ اس کا علاج کسی دوسرے اسپتال میں کرایا جائے تاکہ ان اسپتال کے کمروں کو شاہی اراکین کے لیے محفوظ رکھا جاسکے۔
رپورٹ میں اس بات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہےکہ ہزاروں سعودی شہزادے عام طور پر یورپی ممالک کا سفر کرتے ہیں اس لیے امکان ہے کہ وہ یورپ سے واپس سعودی عرب آنے پر وائرس میں مبتلا ہوئے ہوں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے تقریباً 3 ہزار کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 41 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔