کراچی کے علاقوں آئرن مارکیٹ اور ٹمبرمارکیٹ میں دکانیں کھلنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دکانیں بند کرانا شروع کردیں، پولیس کے اس عمل پر تاجر رہنماؤں اوردیگرنے احتجاجاً گرفتاری دےدی۔
تاجروں کی ایک بڑی تعداد نے صدر، بولٹں مارکیٹ اور طارق روڑ پر دوکانیں کھولنے کی کوشش کی تو پولیس کی بھاری نفری نے انہیں روکا۔تاجروں نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کی اور پولیس کے سامنے سخت مزاحمت کی۔
صدر آل سٹی تاجر اتحاد حماد پونا والا کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی نیت ہی نہیں کہ کاروبار کھولے جائیں، ایس او پی کی پاسداری کرتے ہوئے کاروبارکریں گے، آج دکانیں کھول کر ڈیمو دیا ہے، کل سے دکانیں کھول دیں گے۔
پولیس اور تاجروں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، ایس پی سٹی نے ٹمبر اورآئرن مارکیٹ میں مزید نفری طلب کرلی۔
ہول سیل کیمسٹ کے رہنما عاطف بلو کا کہنا ہےکہ نیپئر تھانے کی موبائل حماد پونا والا کولے گئی ہے، حماد پونا والا آئرن اسٹیل مارکیٹ کھلوا رہے تھے، حکومت تاجروں کے حالات سمجھے اور کوئی بیچ کی راہ نکالے۔
حماد پونا والا نے گرفتاری دینے سے قبل اپنے بیا ن میں کہا کہ سندھ حکومت نے ہمیں لالی پاپ دیا تھا کہ مارکیٹ جلد کھلوادی جائے گی۔ لیکن چار پانچ دن ہوگئے ہیں اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں سندھ حکومت نے بتایا ہے کہ وفاق سے منظوری لے کرمارکیٹ کھلوادیں گے۔