کراچی کی آئرن مارکیٹ اور ٹمبر مارکیٹ کے تاجروں کو دکانیں کھولنا مہنگا پڑ گیا، مقامی عدالت نے تاجروں کو 14 روز کیلیے جیل بھیج دیا۔
نیپیئر پولیس نے گرفتار تاجر رہنما حماد پونا والا اور دیگر کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ ملزمان پر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، ہنگامہ آرائی، تشدد اور لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں تاجر رہنماؤں نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت کی لڑائی میں تاجر پس رہا ہے، ایک کو منائیں تو دوسرا روٹھ جاتا ہے، گورنر صاحب سے میٹنگ کے دوران سفارشات دینے پرایک گھنٹے میں کاروبار کھولنے پر اتفاق ہوا تھا، ہم نے حکم کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف ڈیمو کیا تھا، دیکھنا چاہتے تھے کہ ایس او پیز پر کس طرح عمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ تاجروں کو سہولیات دینے کے بجائے گرفتار کیا گیا، تاجر معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، خدارا تاجروں کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا جائے۔