حکومت نے عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب31 مئی تک بین الاقوامی پروازوں پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نےانٹر نیشنل فلائٹ کی بندش میں مزید 16 دن کی توسیع کردی ہے۔ سی اے اے کے ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ نوٹم جاری کیا ہے جس کے مطابق بین الاقوامی پروازیں 31مئی تک رات 11بج کر59منٹ تک بند رہیں گی۔
حکومت نے15مئی تک انٹر نیشنل فلائٹ پر پہلے ہی پابندی عائد کی تھی جس میں مزید16 دن کی توسیع کی گئی ہے۔
نوٹم کے مطابق خصوصی پروازوں اور چارٹرڈ طیاروں کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔ اس بندش کا اطلاق حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی خصوصی پروازوں پر نہیں ہوگا۔ کارگو فلائٹس کو بھی پابندی کے فیصلے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب مارچ میں بین الاقوامی پروازیں بند کی تھی جس کے سبب سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو پابند کے پہلے ایک ماہ کے دوران تین ارب 61 کروڑ روپے کا خطیر نقصان اٹھانا پڑا۔