جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو چین کے ساتھ کشیدگی مہنگی پڑی، لداخ میں جھڑپ کے دوران بھارتی فوج کے کرنل سمیت 3فوجی مارے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سرحدی کشیدگی میں مسلسل اضافے کے پیش نظراس وقت لداخ میں واقع ایک سرحدی چیک پوسٹ پر دونوں ممالک کے اعلیٰ فوجی حکام مذاکرات کرکے صورتحال پرقابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق انڈین فوجی رات گئے گلوان وادی میں ہونے والی ایک جھڑپ میں مارے گئے۔
بھارتی فوج کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ گلوان وادی میں ایک کارروائی کے دوران ہونے والی پرتشدد جھڑپ میں بھارتی فوج کے تین اہلکار جن میں ایک آفیسر بھی شامل تھا مارے گئے۔
انڈین حکام نے دعویٰ کیا ہے اس جھڑپ میں چینی فوج کو بھی جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے تاہم چینی حکام کی جانب سے تاحال اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
#BREAKING Three Indian soldiers killed in clash on Chinese border: New Delhi pic.twitter.com/2DzpFlKHns
— AFP News Agency (@AFP) June 16, 2020
بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کی خبریںغیر ملکی اورانڈین میڈیا کی جانب سے بھی جاری کی گئی ہیں۔
During de-escalation process in Galwan Valley, a violent face-off took place last night with casualties. The loss of lives on Indian side includes an officer & 2 soldiers. Senior military officials of the two sides are currently meeting at the venue to defuse the situation: Army pic.twitter.com/Z3y9ocQu26
— ANI (@ANI) June 16, 2020
دوسری جانب چین نے فوجی تصادم کا ذمے داربھارت کو قرار دیا اور اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز 2 بار سرحدی خلاف ورزی کی، چینی فوجی اہلکاروں پر حملہ کیا اور اشتعال انگیزی پھیلائی جس کے نتیجے میں چینی اور بھارتی افواج میں سنگین تصادم ہوا۔
علاوہ ازیں امریکی جریدے کا کہنا ہےکہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق بھارتی فوجیوں کی ہلاکت گولی لگنے سے نہیں ہوئی بلکہ پتھراؤ کے ذریعے لڑائی میں بھارتی فوجی مارے گئے، دونوں فوجوں میں گزشتہ ماہ بھی اسی طرح سنگ باری کے واقعات پیش آئے تھے جن میں دونوں جانب کئی اہلکار شدید زخمی بھی ہوئے۔
واضع رہے کہ وادی گلوان لداخ میں انڈیا اور چین کی سرحدی لائن کا علاقہ ہے۔ اس علاقے میں انڈیا اور چین کے درمیان سرحدی کشیدگی نے حالیہ دنوں میں ایک بار پھر سر اٹھایا ہے اور اس تناؤ کو سنہ 1999 میں انڈیا کے روایتی حریف پاکستان کے ساتھ کارگل میں ہونے والی جنگ کے بعد سے اب تک کی سب سے بڑی کشیدگی کہا جا رہا ہے۔